قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں جس کو حاصل کرنے کے لیے وہ سخت محنت کررہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے 27 سالہ نوجوان کپتان اس وقت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بیٹر رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے تاہم وہ پہلی ٹیسٹ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
بابر اعظم کا گذشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اعلیٰ مقام حاصل کرنا اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنا بہت اچھا احساس ہے اور میں اپنے ملک کے لیے پرفارمنس جاری رکھنے کی پوری کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ کپتان بابر اعظم 16 جولائی سے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ بابر اعظم سری لنکا کے خلاف بڑا اسکور کرکے رینکنگ میں اوپر جانے کے خواہاں ہیں۔
بابر اعظم کا پرامید ہوکر کہنا تھا کہ میں اپنی کارکردگی کو وائٹ بال فارمیٹ کے برابر کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔
علاوہ ازیں کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ میں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگتا ہے، ہم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ٹریک پر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہم نے اچھا کھیلا تھا اب بھی تمام کھلاڑیوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی بھرپور تیاری کی ہے، راولپنڈی میں بھی کیمپ لگایا گیا تھا جس میں ہم نے خود کو تیار کیا ہے۔