قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے عوام سے سیلاب متاثرین کے لیے دعا کی اپیل کر دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلئے دعا گو ہوں، یہ وقت ہے قوم بن کر کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔
Prayers for all the flood victims in different regions of the country.
This is the time to stand as a nation and help them as much as possible.
Step forward and do your best.
— Babar Azam (@babarazam258) August 26, 2022
خیال رہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے اب تک 937 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 300 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق ملک بھر میں 14 جون سے اب تک 937 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 343 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 234، سندھ میں 306، پنجاب میں 165 اور خیبر پختونخوا میں 185 ہے جبکہ آزاد کشمیر میں 37 اور گلگت بلتستان میں 9 افراد بارشوں اور سیلاب سے جاں بجق ہو چکے ہیں۔
بارشوں اور سیلاب سے 6 لاکھ 70 ہزار 328 مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 7 لاکھ 93 ہزار 995 مویشی مر چکے ہیں، ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے شاہراہیں بھی متاثر ہوئیں۔
بلوچستان میں 710 کلومیٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 18 پلوں کو بھی نقصان پہنچا، سندھ میں 2 ہزار 328 کلو میٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 60 پلوں کو نقصان پہنچا، پنجاب میں 36، خیبر پختونخوا میں 6.5 اور گلگت بلتستان میں 2 کلومیٹر تک کی شاہراہیں متاثر ہوئیں۔