بابر اعظم کرکٹ کی دنیا میں تاریخ رقم کر سکتے ہیں، بھارتی کرکٹر کی پیشگوئی

پاکستانی کپتان بابر اعظم کرکٹ کی دنیا میں اپنی شاندار پرفارمنس کا لوہا منوا چکے ہیں، پاکستانی کپتان کی بیٹنگ کا ہر کوئی دیوانہ ہے۔ بھارتی بلے باز بھی ان کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ بھارتی کرکٹر دنیش کارتک نےبھی بابر اعظم سے متعلق بڑی پیشکوئی کی ہے۔

آئی سی سی ریویو میں انٹرویو کے دوران دنیش کارتک نے کہا کہ بابر اعظم تاریخ میں تمام فارمیٹس میں نمبر ون بلے باز بننے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

بابر اعظم اس وقت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ٹاپ ون پر موجود ہیں، تاہم ٹیسٹ رینکنگ میں وہ پانچویں نمبر پر ہیں، تاہم بھارتی کھلاڑی کا کہنا ہے کہ یہ رینکنگ بہت جلد بدلنے والی ہے۔

دنیش کارتک نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 100 فیصد یقین ہے کہ بابر اعظم ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ ایک اعلیٰ درجے کے کھلاڑی ہیں اور اس وقت اپنے کھیل اور پرفارمنس کے عروج پر ہیں، انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو کئی ٹیسٹ میچز ملنے والے ہیں، جس کے بعد ٹیسٹ رینکنگ بدل سکتی ہے۔

دنیش کارتک کا مزید کہنا تھا کہ جب میں بابر اعظم کو بیٹنگ کرتے دیکھتا ہوں تو مجھے دو باتیں بہت اہم لگتی ہیں۔ اس کا توازن بہت زبردست ہے۔ گیند کو ہٹ کرنے کے لیے اس کا بیٹ گیند پر اس وقت پہنچتا ہے جب سب سے زیادہ بہتر شاٹ کھیلی جا سکتی ہے۔ یہی خوبی اسے بہت اسپیشل کھلاڑی بناتی ہے۔

بھارتی کھلاڑی نے پاکستانی کپتان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی صلاحیتوں کو مانتے ہیں، پاکستان سے بھی ان کے پاس ایسے لوگ موجود ہیں جو انہیں ان کے ملک کے لیے آگے بڑھنے میں مدد دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں