پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ کرنے کے بعد اب کسی بورڈ کے پاس اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا جواز نہیں۔
پی بی سی کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو بیان میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کپتان کو مکمل اختیار دیا ہوا ہے، چیزیں ٹھیک ہورہی ہیں، لوگوں کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویمنز پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن فروری میں کرانےکی کوشش کریں گے ۔
رمیز راجہ نے کہا کہ مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آسان ہوگئیں اندازہ نہیں تھا کہ چیئرمین بنتے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم والا واقعہ ہوجائے گا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے فیصلے کے بعد معلوم نہ تھا کہ کیا ہوگا جبکہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کو کامیاب بنانے کیلئے کافی راتیں جاگ کر گزاریں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے مزاج کی وجہ سے لوگ ٹیسٹ کرکٹ میں تحمل نہ دکھا سکے، مدتوں بعد ایک کوالٹی ٹیم کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں آسٹریلیا کی سیریز پر تھیں ، آسٹریلیا سے جو صحافی آئے وہ بھی اچھے پیغامات لے کر گئے ہیں، اب کسی ملک کے پاس جواز نہیں کہ پاکستان کا دورہ نہیں کرے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلین کرکٹرز کو بھی احساس تھا کہ وہ پاکستان کیلئے اپنا حصہ ڈال سکیں، لوگوں نے آسٹریلیا کا دورہ خراب کرنے کی کوشش کی مگر آسٹریلینز نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ امید ہے ویسٹ انڈیز کےخلاف سیریز عام سیریز کے طور پر کریں گے جبکہ چار ملکی کرکٹ کیلئے کافی باتیں ہورہی ہیں، لیگز کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے ملکوں کے درمیان کرکٹ کم ہونے لگی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ جب تک پچز ٹھیک نہیں ہوتی،بیٹنگ ٹھیک نہیں ہوگی، سیزن ختم ہوا ہے اب وکٹوں پر کام کریں گے، آسٹریلیا سے کیوریٹر بلارہے ہیں۔