پاکستانی مشہور گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کرنے کی استدعا کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر نے سیشن کورٹ لاہور میں گلوکارہ میشا شفیع کی ویڈیو لنک پر جرح کی درخواست پر جواب جمع کرا دیا ہے۔
جواب میں علی ظفر نے سیشن کورٹ میں میشا شفیع کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کرنے کی استدعا کی ہے۔
علی ظفر نے میشا شفیع کی درخواست کو بے بنیاد اور عدالتی وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالت میشا شفیع کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے۔
یاد رہے کہ میشا شفیع نے اس سے قبل بھی ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی درخواست دی تھی، لیکن درخواست کا فیصلہ ہونے سے پہلے ہی میشا دبئی میں ایک کنسرٹ میں شرکت کے لیے چلی گئیں تھیں۔
تاہم اب ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے وکلا کو بحث کے لیے 19 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گلوکارہ میشا نے جرح ویڈیو لنک کے ذریعے مکمل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔