بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
سوشل میڈیا سے جاری پیغام میں ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ بطور کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں سیلکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔
🇮🇳 ❤️ pic.twitter.com/Ds7okjhj9J
— Virat Kohli (@imVkohli) September 16, 2021
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت رہا کہ مجھے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلنے اور کپتانی کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ میں شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ان لوگوں کا جنہوں نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا۔ میں نے اپنے کیریئر میں جو کچھ حاصل کیا وہ میری ساتھیوں، اسپورٹ اسٹاف، سیلکشن کمیٹی، میرے کوچز اور تمام بھارتی باسیوں کی دعاوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے اور پھر 6 سالوں کے دوران بھارتی ٹیم کی کپتانی کرنے کا دباؤ مجھے اس مقام پر لے آیا ہے جس پر سوچا ہے کہ میں خود کو اس دباو سے دور کروں اور صرف ٹیسٹ اور ون ڈے کی قیادت کروں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے دوران میں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی اور بطور بلے باز میں اسے جاری رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کوچ روی شاستری، ساتھی کھلاڑی روہت شرما اور بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے مشاورت کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد میں کپتانی سے دستبردار ہو جاوں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی کے بعد روہت شرما بھارتی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کپتان ہوں گے۔
یاد رہے کہ آج سے چار سال قبل ویرات کوہلی نے بھارت فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشکا شرما سے شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
ویرات کوہلی حالیہ انٹرویوز میں اس بات کا ذکر کر چکے ہیں کہ وہ ورک لوڈ کے سبب اپنی فیملی کو زیادہ وقت نہیں دے پا رہے۔