لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی کے بیٹے سعدی قذافی کو 7 سال بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق لیبیا کے حکام نے معمر قذافی کے بیٹے سعدی قذافی کو رہائی کے فوری بعد جہاز کے ذریعے استنبول روانہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا میں 2011 میں ہونے والی بغاوت کے بعد سعدی قذافی نائیجر فرار ہوگئے تھے تاہم انہیں 2014 میں وطن واپس لایا گیا اور طرابلس کی جیل میں قید کیا گیا تھا۔
سابق فٹبالر سعدی قذافی پرالزام تھا کہ وہ 2011 میں ملک میں مظاہرے کرنے والوں کے خلاف جرائم کے مرتکب ہوئے جب کہ ان پر 2005 میں لیبیا کے فٹبال کوچ کو قتل کرنے کا بھی الزام تھا جس میں انہیں 2018 میں بری کیا گیا۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق سینئر قبائلی رہنماؤں اور لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد سعدی قذافی کی رہائی عمل میں آئی۔
واضح رہےکہ لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی کو 2011 میں ہونے والی بغاوت کے بعد قتل کیا گیا تھا۔