پاکستان کے معروف کاروباری گروپ ’لیکسن‘ نے ایئر عریبیہ گروپ، کے ساتھ مل کر پاکستان میں ایک نئی اور کم لاگت والی ایئر لائن ’فلائی جناح‘ کو لانچ کرنے کے لیے ایک مشترکہ منصوبے پر کام کرنےکے فیصلے کا اعلان کیاہے۔
فلائی جناح ، سیرین ایئر اور ایئر سیال کے بعد ، ملک کی بڑھتی ہوئی ایویئشن مارکیٹ میں داخل ہونے والی نئی ایئر لائن ہوگی جوکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کام کرے گی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرزا نےاس بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ فلائی جناح کو تقریباََ دو ماہ قبل آر پی ٹی لائسنس دیا گیا تھا اور دو سال کے اندر انہیں اس مقصد کے لیے ہوائی جہاز وں کی فراہمی سمیت ایئرلائن چلانے کے تمام انتظامات کرنے ہیں۔‘
اس حوالے سے ایئر عریبیہ گروپ کے چیئرمین شیخ عبداللّہ بن محمدالتھانی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نئی ایئر لائن پاکستان میں سفروسیاحت کے شعبے کی ترقی کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرکےمقامی معیشت میں براہ راست اپنا حصّہ ڈال کرملک کے ایوی ایشن سیکٹر کی قدر میں اضافہ کرے گی۔‘
جبکہ پاکستان کے لیکسن گروپ کے چیئرمین اقبال علی لاکھانی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’فلائی جناح پاکستان کے سفروسیاحت کے شعبے کی خدمت کرکے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔‘
دریں اثنا، ایئر عریبیہ گروپ کے چیئرمین شیخ عبداللّہ بن محمدالتھانی اپنے دورہ پاکستان پر اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان سے ملاقات بھی کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خا ن نے مائیکرو بالاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں ہونے والی اس نئی سرمایہ کاری پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’میں ایئر عریبیہ گروپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی شراکت داری سےنئی پاکستانی ائیرلائن ، فلائی جناح کے قیام پراس کی کامیابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘
میں @airarabiagroup کاپاکستان میں خیرمقدم کرتاہوں اورایک نئی پاکستانی ایئرلائن ”فلائی جناح“کےقیام کیلئےانکےمقامی سرمایہ کاروں سے اشتراک کی کامیابی کیلئےدعاگوہوں۔میری حکومت پاکستان میں تیزی سےپھلتےپھولتےسفروسیاحت کےشعبےمیں سرمایہ کاری کےفروغ کاعزم کئے ہوئےہےجومواقع سےبھرپورہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 3, 2021
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میری حکومت پاکستان کی بڑھتے ہوئے سفرو سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پرعزم ہےجوکہ بے پناہ مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ‘