پاکستان میں پہلی بار این آئی سی وی ڈی میں 8سالہ بچے کا الیکٹروفزیالوجی اسٹڈی اینڈ ابلیشن پروسیجرکامیابی سے کیا گیا
پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ یہ این آئی سی وی ڈی ایک مزید بڑی کامیابی ہے.
کراچی: قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے ملک میں پہلا پیڈیاٹرک کارڈیک الیکٹروفزیالوجی (بچوں میں دل کی دھڑکن کی بیماری) کے پروگرام کاآغاز کرکے ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد محسن جنہوں نے کینیڈا کی البرٹا یونیورسٹی سے پیڈیاٹرک الیکٹروفزیالوجی میں 2سال کی تربیت کے بعد این آئی سی وی ڈی جوائن کیا ہے اور یہ پروگرام پاکستان کا پہلا پیڈیاٹرک الیکٹروفزیالوجی پروگرام ہے، جس کااین آئی سی وی ڈی میں باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
سکھر کے رہائش پذیر 8سالہ بچہ دل دھڑکن کی بیماری میں مبتلا تھا جس کی دل کی دھڑکن 200 فی منٹ تک چلی جاتی تھی، اس بچہ کا این آئی سی وی ڈی کراچی میں الیکٹروفزیالوجی اسٹڈی اینڈ ابلیشن پروسیجر بالکل مفت کیا گیا اور یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں پہلی بار یہ پروسیجر کسی چھوٹے بچے پر کیا گیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد محسن (اسسٹنٹ پروفیسر، پیڈیاٹرک کارڈیک الیکٹروفزیالوجی) نے کہا کہ یہ پروسیجر بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے سرانجام دیا گیا۔دل کے مسائل جن میں دل بہت تیز یا بہت سست ہو جاتا ہے بچوں میں یہ غیر معمولی نہیں ہے۔ ماہر ڈاکٹرز ان بچوں کا علاج ایک مخصوص طریقہ کار کے ذریعے کرسکتے ہیں جسے الیکٹروفزیالوجی اسٹڈی اینڈ ابلیشن کہا جاتا ہے۔ چونکہ پاکستان میں پیڈیاٹرک الیکٹروفزیالوجسٹ نہیں تھے، جس کے باعث اب تک ان بچوں کا مناسب علاج نہیں ہو سکا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان پیچیدہ پروسیجرز کے لئے، کارڈیالوجسٹ، پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ، ٹیکنالوجسٹ، اینستھزیالوجسٹ اور الیکٹروفزیالوجی فزیشن کی ضرورت پیش آئی ہے جو این آئی سی وی ڈی میں موجود ہیں۔
پروفیسر اعظم شفقت (ہیڈ آف الیکٹروفزیالوجی، این آئی سی وی ڈی) کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی ملک میں دل کی دھڑکن کی بیماریوں کے علاج لئے صفِ اول کے اداروں میں سے ایک ہے مگر پہلے صرف بڑوں کی دل کی دھڑکن کی بیماریوں کا علاج کیا جاتا تھا مگر اب بچوں میں دل کی دھڑکن کی بیماریوں کے علاج کا بھی آغاز کر دیا گیاہے۔
این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر ندیم قمر (ایگزیکٹو ڈائریکٹر، این آئی سی وی ڈی) نے کہا کہ این ا ٓئی سی وی ڈی نے ملک میں پہلا پیڈیاٹرک کارڈیک الیکٹروفزیالوجی پروگرام شروع کر کے ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے،یہ اداری کی بڑی کامیابی ہے۔این آئی سی وی ڈی دنیا میں بہترین کارڈیک ہسپتال بن چکا ہے۔