ٹیلی وژن (ٹی وی) رپورٹ کے لیے خبر ریکارڈ کرنے کے دوران بے شمار غلطیاں کرنے کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ ہونے کے بعد شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی صحافی چاند نواب نے اپنی ویڈیو آن لائن نیلامی کے لیے پیش کردی۔
چاند نواب نے جس ویڈیو کو نیلامی کے لیے پیش کیا ہے، وہ 13 سال قبل 2008 میں وائرل ہوئی تھی، اس وقت صحافی انڈس نیوز نامی چینل سے وابستہ تھے۔
اب انہوں نے اپنی پرانی ویڈیو کو ’فاؤنڈیشن ایپ‘ نامی آن لائن ویب سائٹ پر فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔
چاند نواب نے مذکورہ ویب سائٹ پر گزشتہ ماہ 24 اگست کو اکاؤنٹ بنایا اور ابتدائی طور پر ویڈیو کو 20 ہزار امریکی ڈالر سے کم قیمت یعنی پاکستانی 33 لاکھ روپے سے زائد کی رقم پر فروخت کے لیے پیش کیا۔
تاہم بعد ازاں انہوں نے 26 اگست کو اپنی ویڈیو کی قیمت بڑھا کر 76 ہزار 166 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد کردی۔
چاند نواب کی جانب سے ویڈیو کو فروخت کے لیے پیش کیے جانے کو 10 دن ہونے والے ہیں، تاہم تاحال ان کی ویڈیو کو خریدنے میں کسی نے دلچسپی نہیں دکھائی۔
انہوں نے اپنی ویڈیو کو فروخت کے لیے پیش کرتے ہوئے اپنا مختصر تعارف بھی دیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ 2008 میں عید کی چھٹیوں کے دوران خبر کے لیے ریکارڈنگ کرنے کے دوران غلطیاں کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے سے مشہور ہوئے۔
انہوں نے اپنے تعارف میں بتایا کہ ان کی غلطیوں اور ویڈیو کے وائرل ہونے کی وجہ سے ہی بولی وڈ فلم ساز کبیر خان نے 2016 کی بلاک بسٹر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں ان کے نام کا کردار شامل کیا۔
انہوں نے لکھا کہ سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں ’چاند نواب‘ نامی صحافی کا کردار شامل کیا گیا، جسے نواز الدین صدیقی نے ادا کیا اور مذکورہ قدم ان کی مزید شہرت کا باعث بنا۔
چاند نواب نے لکھا کہ ان کی مذکورہ ویڈیو کو متعدد زبانوں میں ترجمہ کرکے اس پر میمز بنائے گئے اور اب وہ اسی ویڈیو کو فروخت کے لیے پیش کر رہے ہیں۔
چاند نواب نے ڈیجیٹل نیلامی کے سسٹم ’نان فنجیبل ٹوکن‘ (این ایف ٹی) کے تحت اپنی ویڈیو کو نیلامی کے لیے پیش کیا۔
مذکورہ سسٹم کے تحت لوگ اپنی ڈیجیٹل چیزیں فروخت کر سکتے ہیں اور چیزوں کو مختلف پلیٹ فارمز، ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس پر فروخت کیا جا سکتا ہے۔
چاند نواب نے ’فاؤنڈیشن ایپ‘ نامی ویب سائٹ پر این ایف ٹی سسٹم کے تحت اپنی ویڈیو کو فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ چاند نواب کی وائرل ویڈیو کتنے عرصے اور کتنی رقم میں فروخت ہوتی ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی ویڈیو مطلوبہ قیمت سے کم قیمت پر فروخت ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔