اسلام آباد : قومی وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے حکومت سے 50 ارب 10 کروڑ روپے مانگ لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے رقم ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والے قرض کے تحت مانگی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 6 اگست کو معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت اے ڈی بی نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے 50 کروڑ ڈالرکا قرض دینے کی منظوری دی تھی۔
ذرائع کے مطابق کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے قرض کی منظوری کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھی بھیجی جا چکی ہے۔
سمری کے مطابق پہلے مرحلے میں ویکسین کی خریداری کے لیے 30 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے جس کے تحت وزارت صحت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ویکسین کی خریداری کریں گے جبکہ رقم تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے بھی پاکستان کو 2 ارب 77 کروڑ ڈالر دیے گئے ہیں۔ یہ رقم آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد کورونا سے نمٹنے کے لیے فراہم کی گئی ہے۔