شیاؤمی کی ذیلی کمپنی ریڈمی نے اپنا نیا اسمارٹ فون پاکستان میں متعارف کرا دیا ہے۔
ریڈمی 10 کو اگست کے دوسرے عشرے میں ملائیشیا میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
ریڈمی 10 میں پہلے کے مقابلے میں کافی کچھ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے اور انٹری لیول فون ہونے کے باوجود مڈرینج فونز کے فیچرز سے لیس ہے۔
یہ اس سیریز کا پہلا فون ہے جس میں ہائی ریفریش ریٹ ڈسپلے دیا گیا ہے۔
فون میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہے جس کے ساتھ 60 ہرٹز اور 45 ہرٹز موڈز بھی موجود ہیں۔
یہ اس سیریز کا پہلا فون ہے جس میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 88 پراسیسر دیا گیا ہے تاکہ ریزولوشنز زیادہ بہتر کیے جاسکیں۔
فون کے اندر 5000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری 18 واٹ وائرڈ اور 9 واٹ ریورس چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
4 سے 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز فون میں موجود ہیں۔
اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی 12.5 سے کیا گیا ہے جبکہ ڈوئل اسپیکرز اور ہیڈفون جیک دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔
فون کی ایک خاص بات اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ ہے جس میں پہلی بار بہت طاقتور مین کیمرا دیا گیا ہے۔
فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے موجود ہیں۔
فون کے فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں 8 میگا پکسل کیمرا چھپا ہوا ہے۔
پاکستان میں یہ فون 2 ورژنز میں دستیاب ہوگا۔
4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 29 ہزار 999 روپے جبکہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 32 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔