اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنے باورچی گھنیش کے ساتھ ہندوکمیونٹی کا مقبول تہوار ‘رکشا بندھن’ منایا۔
پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کوخوش وخرم دیکھنے اورمحبت کا احساس دلانے کی خواہشمند ثروت نے انسٹاگرام اسٹوریزمیں اپنے باورچی کے ہاتھ پر راکھی باندھتے ہوئے ویڈیو شیئرکی۔
گھنیش سے رہنمائی لینے والی ثروت نے ان کے ماتھے پرتلک لگانے کے بعد کلائی پرراکھی باندھے، اس دوران ان کے دونوں بیٹے بھی موجود ہیں اور ایک نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھام رکھے ہیں ۔
لفظ رکشا کا مطلب ہے تحفظ اور بندھن بھائیوں کی کلائی پر راکھی نامی دھاگہ باندھنے کی وضاحت کرتا ہے۔ یہ بہن بھائیوں کے خوبصورت اٹوٹ رشتے کا تہوار ہے جو دنیا بھر میں موجود ہندو برادری روایتی جوش و خروش سے منا تی ہے۔
ہندو گھرانوں میں دیا، چاول اورراکھیوں سے سجی پوجا کی تھالی تیارکی جاتی ہے اور بہنیں اپنے بھائیوں کی کلائی پرراکھی باندھ کران کی صحت مندی، درازی عمراور کامیابی کے لیے دعا کرتی ہیں۔ جواب میں بھائی دکھ سکھ میں ساتھ رہنے اور بہنوں کی حفاظت کرنے کاعزم کرتے ہوئے تحفہ دیتے ہیں۔
ہندو مذہب میں رکشا بندھن کا تہوار مذہبی تقریب سے زیادہ ثقافتی طور طریقوں سے منایا جاتا ہے۔