لاہور: ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کروانے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت نے اپوزیشن قیادت سے باضابطہ رابطہ بھی کیا ہے اور حکومتی ٹیم کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضٰی اور مسلم لیگ(ن) کی رہنماحنا پرویز بٹ سے رابطہ کرکے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کی تجویز پیش کی ہے اور انہیں جلد اپنی ٹیم کو حتمی شکل دینے کی درخواست کی ہے۔
حکومتی ٹیم میں فیاض الحسن چوہان ، حافظ ممتاز احمد ، سمیع اللہ چوہدری ، میاں اسلم اقبال اور تیمور بھٹی شامل ہوں گے جبکہ وزیر تعلیم مراد راس ، ندیم عباس بارا، عنصر مجید نیازی، ملک عمر فاروق اورحنیف پتافی سمیت دیگر حکومتی اراکین بھی حکومتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ ٹیپ بال میچ ستمبر کے وسط میں گورنر ہاوس یا قذافی سٹیڈیم میں کروایا جائے گا۔