اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج گیارہویں جماعت کا پہلا پرچہ لیا جائے گا، صبح کی شفٹ میں پری میڈیکل سائنس، جنرل سائنس اور ہوم اکنامکس گروپس کے پرچے لئے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پری میڈیکل سائنس گروپ کا حیوانیات ، سائنس جنرل گروپ کا شماریات ، اور ہوم اکنامکس کا میل مینیجمنٹ اینڈ فوڈ پریسرویشن کا پرچہ لیاجائے گا ،حیوانیات کے پرچے کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹے جبکہ سائنس جنرل گروپ اور ہوم اکنامکس کے پرچے کا دورانیہ دو گھنٹے ہوگا۔
ذرائع بے بتایا ہے کہ حیوانیات کے پرچے کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹے جبکہ سائنس جنرل گروپ اور ہوم اکنامکس کے پرچے کا دورانیہ دو گھنٹے ہوگا، شام کی شفٹ میں کامرس، ہیومینٹیس اور اسپیشل اسٹوڈنٹس گروپ کے پرچے لئے جائیں گے۔
اس ضمن میں انٹر بورڈ کے چئیرمین کا کہنا ہے کہ رواں سال امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 36 ہزار 833 سے زائد طلبا و طالبات امتحان میں شریک ہونگے، صبح کی شفٹ میں 56 ہزار 678 جبکہ شام کی شفٹ میں 80 ہزار 155 امیدوار شرکت کریں گے، مجموعی طور پر 221 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں 113 صبح جبکہ 108 شام کی شفٹ میں ہونگے۔
انٹر بورڈ کے چئیرمین نے مزید کہا ہے کہ نقل کی روک تھام کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں، امتحانی مراکز کی حدود میں غیر متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، امتحانی مراکز میں موبائل کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔