وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی اور چینی شہریوں اور کمپنیوں کے لیے سکیورٹی پروٹوکول مزید سخت کرنےکی درخواست کی۔
چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاک چین دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سکیورٹی مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئےکہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون اور ترقی کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہےکہ 20 اگست کو بلوچستان کے ساحلی شہرگوادر میں چینی شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک چینی شہری زخمی اور تین مقامی بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
گذشتہ روز چینی سفارتخانے نےگوادر میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے تمام متعلقہ محکموں سے مؤثر سکیورٹی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زخمیوں کو مکمل طبی امداد دی جائے اور پاکستان خود کش دھماکے کی مکمل تحقیقات کرکے مجرموں کو سخت سزا دے