پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 8 کے لیے شاہین آفریدی مکمل فٹ ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے کہا کہ شاہین آفریدی کی قیادت میں ٹرافی کا دفاع کرنے کے لیے پر امید ہیں، ان دنوں شاہین قومی ٹیم کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں اور وہ مکمل ردہم میں ہیں۔
ثمین رانا نے کہا کہ چیمپئن ہونے کی وجہ سے لاہور قلندرز پر کوئی دباؤ نہیں، لاہور قلندرز دباؤ میں نہیں آتی کیونکہ ٹیم نے پی ایس ایل میں برا وقت بھی دیکھا ہوا ہے اس لیے اب چیمپئن ہیں تو پر امید ہیں ٹائٹل کا دفاع کریں گے اور پہلی ٹیم بننا چاہیں گے جس نے ٹائٹل کا دفاع کیا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کمبی نیشن سے مطمئن ہیں، بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کی ہے، اس میں توازن رکھا ہے، بولنگ ہماری اسٹرنتھ ہے لیکن بیٹرز بھی ورلڈ کلاس ہیں، سمت پٹیل کی جگہ لیام ڈاؤسن جب کہ محمد حفیظ کی جگہ سکندر رضا کو لیا ہے۔
ثمین رانا نے مزید کہا کہ نجم سیٹھی کی لیڈر شپ میں پی ایس ایل مزید کامیابی حاصل کرے گی، انہوں نے مشکل حالات میں پی ایس ایل کو شروع کیا تھا، نجم سیٹھی چیلنج پر پورا اترے، پی ایس ایل کو ان جیسے ہی ایڈمنسٹریٹر کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 8 ویں ایڈیشن کا آغاز 13 فروری کو ہوگا۔