کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کی برتری ختم کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 440 رنز بنا لیے ہیں۔
کیویز کی جانب سے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے نے کیا۔
دونوں کھلاڑیوں کے گزشتہ شام کے 165 رنز کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 183 پر ڈیون کونوے 92 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ انہیں نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
ٹام لیتھم سنچری بنانے کے بعد 231 کے مجموعے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہیں ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
کریز کے ایک جانب کین ولیمسن پاکستانی بولرز کے لیے کڑا امتحان بن گئے جنہوں نے ہینری نکلس، ڈیل مچلز اور ٹام بلنڈیل کے ساتھ مل کر پارٹنرشپس لگاتے ہوئے نہ صرف خسارہ ختم کیا بلکہ 2 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں ہینری نکلس نے 22، ڈیرل مچلز 42 اور ٹام بلنڈیل نے 47 رنز بنائے۔
دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 440 رنز بنالیے، جہاں کین ولیمسن اور اش سوڈھی اگلے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3، نعمان علی 2 اور محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم 438 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی، کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔
نیوزی لینڈ کے ٹِم ساؤتھی نے 3، اعجاز پٹیل، اش سودھی اور مائیکل بریسویل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔