نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز پر ناقابلِ شکست ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی بیٹرز کا حریف بدلہ لیکن ٹاپ آرڈر پھر بھی جم کر نہ کھیل سکے، عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 19 کے مجموعے تک دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
عبداللہ شفیق نے 7 اور شان مسعود نے صرف 3 رنز بنائے۔ دونوں ہی کھلاڑی اسٹمپ آؤٹ ہوئے جنہیں بالترتیب اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے آؤٹ کیا۔
کپتان بابر اعظم نے دو وکٹیں گرجانے کے بعد کریز سنبھالی اور ان کا ساتھ امام الحق نے دیا، تاہم 48 کے مجموعے پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے۔
24 رنز بنانے والے امام الحق نے مائیکل بریسویل کو اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن کیچ آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل نئے آنے والے کھلاڑی تھے، جنہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن کھانے کے وقفے سے چند منٹ قبل وہ کیوی کپتان ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ گرنے پر قومی ٹیم کا اسکور 110 رنز تھا۔
ایسے میں تقریباً چار سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے سابق کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے اور اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا۔
دونوں نے مل کر 196 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی پوزیشن ایک مرتبہ پھر مستحکم کردی۔
سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری مکمل کرلی، انہوں نے 84 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ یہ ان کے کیریئر کی 19ویں نصف سنچری تھی۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کی 9ویں سنچری بنائی۔
بابر اعظم نے 161 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی ہے۔
سرفراز احمد دن کے اختتام سے قبل 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن 90 اوورز مکمل ہوئے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان اگلے روز بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔