سنسر بورڈ نے پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو متنازع قرار دے کر اس پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے جس پر اداکارہ ثروت گیلانی اور اداکار عثمان خالد بٹ کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ثروت گیلانی نے اپنے ٹوئٹر بیان میں اسے سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت شرمناک بات ہے ان کے لیے جو لوگ اس منصوبے کا حصہ ہیں کیونکہ یہ ایک ایسی فلم ہے جسے 200 افراد کی 6 سال پر مشتمل انتھک محنت سے بنایا گیا ہے، فلم نے ٹورنٹو سے کانز تک بے پناہ مقبولیت حاصل کی مگر اپنے ہی ملک میں پابندی کا شکار ہورہی ہے۔
دوسری جانب عثمان خالد بٹ کا کہنا تھا کہ اگر فلم کا موضوع عام ناظرین کے لیے حساس ہے تو اسے ایک مناسب درجہ بندی دی جائے نہ کہ فلم دیکھنے سے محروم کیا جائے۔
واضح رہے فلم کی ریلیز 18 نومبر کو سینما گھروں میں متوقع تھی مگر فلم کی ریلیز سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی یہ کہہ کر پابندی عائد کردی گئی کہ اس میں قابل اعتراض مواد شامل ہے۔