سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے عوامی مقامات پر مردوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ٹوئٹر پر ایک خاتون صحافی کی جانب سے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے سے متعلق بتایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کئی سال قبل یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ قائد پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران وہاں موجود 100 مردوں نے ان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا۔
سبین آغا کا کہنا تھا کہ میں کوئی یوٹیوبر یا ٹک ٹاکر نہیں لیکن پھر بھی میرے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا، میں نے ڈرتے ہوئے وہاں موجود پولیس سے مدد مانگی تو انہوں نے جواباً کہا، بی بی ہم صرف 4 اہلکار ہیں اور وہ 140 مرد ہیں، ہم کیسے انہیں روک سکتے ہیں؟
بختاور بھٹو زرداری نے سبین آغا کے ٹوئٹس پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک اور تکلیف دہ واقعہ ہے، پولیس نے پورا منظر دیکھنے کے باوجود بھی مدد سے انکار کیا، ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہتھیاروں کا استعمال کیا جاسکتا تھا۔
بختاور نے لکھا کہ عوامی مقامات پر مردوں پر پابندی عائد کی جائے، ہمیں خواتین کی حفاظت کے لیے مزید خواتین کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں سیکڑوں افراد نے خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور ہوا میں اچھالتے رہے تھے، واقعے کی فوٹیج وائرل ہونےکے بعد400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔