سڈنی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف بڑے میچ سے پہلے قومی کرکٹر فخر زمان ایک بار پھر انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔
ٹیم ڈاکٹر نجیب سومرو نے کہا ہے کہ فخر زمان کے سکین کرائے گئے ہیں، وہ کل کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ فخر زمان نیدر لینڈ کیخلاف رنز لینے کے دوران انجری کا شکار ہوئے، میڈیکل پینل ان کی انجری کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے، بد قسمتی سے فخر زمان کی پرانی انجری دوبارہ سے ہوئی ہے۔
ڈاکٹر نجیب سومرو کا کہنا تھا کہ فخر زمان پر زیادہ رسک نہیں لیں گے۔
واضح رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے مقابلے میں نیدر لینڈز کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا جبکہ اسی میدان پر دوسرے اہم میچ میں بنگلادیش اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔
میچ میں زمبابوے کی کامیابی کی صورت میں اُس کے سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے امکانات برقرار رہیں گے۔ جبکہ دوسرے میچ میں اگر بنگلادیش بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں جانے کی امیدیں ایک بار پھر زندہ ہو جائیں گی۔