سعودی عرب نے عمرہ کے خواہشمندوں کیلئے فری ویزا جاری کرنے کا اعلان کردیا، یہ سہولت فیفا ورلڈ کپ 2022ء دیکھنے والے ھیا کارڈ ہولڈرز کو حاصل ہوگی۔
سعودی حکام کے مطابق ھیا کارڈ ہولڈرز کیلئے ویزا مفت ہے، ویزے کے تمام اخراجات سعودی حکومت اٹھائے گی۔
سعودی گزٹ کے مطابق وزارت خارجہ میں ویزا کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل خالد الشمری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ویزا مفت ہے مگر ویزا پلیٹ فارم سے میڈیکل انشورنس حاصل کرنا لازمی ہے۔
یہ ویزا 11 نومبر سے شروع ہونیوالے ورلڈ کپ کے آغاز سے 10 دن پہلے سعودی عرب میں داخلے سے لے کر 18 دسمبر 2022ء کے آخری دن تک درست مانا جائے گا۔
عمرہ زائرین کا یہ ویزا ایک سے زیادہ داخلے کا ہوگا اور ہولڈر کسی بھی وقت سعودی عرب میں داخل اور ملک سے باہر جاسکتا ہے۔ مزید یہ کہ اسے قطر سے سعودی عرب میں داخل ہونے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ھیا کارڈ (فین آئی ڈی) ایک مخصوص قسم کی ذاتی دستاویز ہے جو فیفا ورلڈ کپ قطر 2022ء میں شریک ہونیوالے ہر فرد کیلئے جاری کیا گیا ہے۔