بھارت کے لیجنڈری کرکٹر اور سابق کپتان سنیل گواسگر نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کیپ تحفے میں پیش کی۔
آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کمنٹری پینل میں شامل بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے برسبین میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
سنیل گواسکر کی قومی کھلاڑیوں سے ملاقات ایک ڈنر پر ہوئی جس میں پاکستان ٹیم منجمنٹ کے ارکان بھی شامل تھے۔
اس موقع پر قومی کھلاڑیوں نے سابق بھارتی لیجنڈ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی جبکہ سنیل گواسکر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو اپنی کیپ تحفے میں پیش کی، کپتان بابر اعظم لیجنڈ سابق بھارتی کپتان سے کیپ لے کر خوش ہو گئے۔
یاد رہے کہ سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کر چکے ہیں اور انہوں نے پیشگوئی کی تھی کہ بابر آل ٹائم گریٹ بیٹر بن سکتا ہے۔