برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس کی تاج پوشی مئی 2023 میں ہوگی

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی باضابطہ تاج پوشی 6 مئی 2023 کو ہوگی۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تاج پوشی کی تقریب ویسٹ منسٹر ایبی میں 6 مئی 2023 کو ہوگی۔

بیان میں بتایا گیا کہ ماضی کی ایسی تقاریب کے مقابلے میں اس بار زیادہ جدید انداز کو اپنایا جائے گا اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

آرچ بشپ آف کینٹربری برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کریں گے۔

بیان کے مطابق اس تقریب میں موجودہ عہد کے تقاضوں کے ساتھ ساتھ ایک ہزار سال پرانی روایات کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے چارلس برطانیہ کے بادشاہ بن گئے تھے جس کی رسمی تصدیق سینٹ جیمز پیلس میں ایک تقریب کے دوران کی گئی۔

بکنگھم پیلس کے بیان میں تاج پوشی کی زیادہ تفصیلا ت نہیں بتائی گئیں۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں تقریب کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب مختصر ہوگی اور تقریب میں کم لوگ شرکت کریں گے جبکہ تقریب کے اخراجات بھی کم کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں