ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے. جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 41 ہوگئی جن میں سے 37کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 386کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 314کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی 48، ضلع وسطی 97، ضلع شرقی 67، ضلع ملیر 29، ضلع غربی 15، ضلع جنوبی 42 اور کیماڑی 17کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 37 افراد، حیدرآباد میں 2، میرپور خاص اور سانگھڑ میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔اس کے علاوہ رواں ماہ یکم اکتوبر تا آج تک کراچی میں 1 ہزار 429کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ ستمبر میں سندھ بھر میں 7 ہزار 585 کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال سندھ بھر میں11 ہزار 142 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے مریض سامنے آنے پر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرلر رضوان نذیر کی صدارت میں اجلاس ہوا .جس میں ٹرینوں اور بسوں میں خصوصی ڈینگی سپرے اور لاروا تلفی مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں ڈینگی لاورے کی تلفی کے اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمہ درج اور گرفتار کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
رضوان نذیر نے کہا کہ ڈینگی کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت کے متعلقہ فیلڈ افسر کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی ڈینگی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔