پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تعلیم کو تباہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تعلیمی معاملات کے حوالے سے فیصلوں پر مسلسل یوٹرن لے رہی ہے، صوبے میں لاک ڈاؤن کے نتیجے میں 6 سے 7 لاکھ بچے تعلیم چھوڑ چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 2 سالوں کے دوران 10لاکھ بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہوگئے ہیں، سندھ حکومت نے پہلے معیشت اور اب تعلیم کو تباہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں تعلیم یافتہ قوم نہیں چاہتی، سندھ کے سرکاری اسکولوں میں پہلے ہی تعلیمی نظام تباہ حال ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اپنی نالائقی کی سزا صوبے کے بچوں کو دے رہے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی عجیب و غریب منطق سمجھ سے بالاتر ہے، سندھ حکومت کو صوبے کے بچوں کے مستقبل کے ساتھ نہیں کھیلنے دیں گے۔