وزیراعظم شہباز شریف نے مفتاح اسماعیل کے مستعفی ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔
لندن میں قائد ن لیگ نوازشریف کی زیرصدارت لیگی قائدین کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و قومی صورتحال پرغورکیا گیا۔
اجلاس میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے نوازشریف کو استعفیٰ پیش کردیا جس کے بعد نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے اسحاق ڈار کو وزیرِخزانہ کیلئے نامزد کردیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزارت آپ کی امانت تھی،آپ نے ہی وزیربنایا تھا۔ 4 ماہ بھرپور صلاحیت سے کام کیا اور پارٹی وملک سے وفاداری نبھائی۔
اجلاس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ سابق دورمیں لگائی معاشی تباہی کی آگ حکومت کو بجھانا پڑی جبکہ نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح کی کوششوں کو سراہا۔
In a meeting with Mian Nawaz Sharif and PM Shehbaz Sharif today, I have verbally resigned as Finance Minister. I will tender a formal resignation upon reaching Pakistan. It’s been an honour to serve twice as Finance Minister. Pakistan Paindabad
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) September 25, 2022
اجلاس کے بعد ٹویٹر پیغام میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات میں وزارت سے زبانی استعفیٰ دے دیا تاہم پاکستان واپسی پر باقاعدہ طور پر تحریری استعفیٰ جمع کراؤں گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ دو مرتبہ ملک کا وزیرخزانہ بننا باعث فخر ہے۔