پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ کچھ بھارتی کرکٹرز کا وزن زیادہ ہے۔
حالیہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی خراب کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ فاسٹ بالرز کی کمی اور کھلاڑیوں کی فٹنس بھارت کے لئے اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ کپ میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ ویرات کوہلی اور ہاردک پانڈیا کے علاوہ بھارتی ٹیم کی فٹنس مثالی نہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل فاسٹ بالنگ اور کھلاڑیوں کی فٹنس بھارت کے لئے تشویش کی بات ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف شکست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے ایل راہول نے کیچ چھوڑا۔ اگر آپ کیچز چھوڑیں گے تو بیٹرز آپ کو اگلا موقع نہیں دیں گے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے روہت شرما، رشبھ پنٹ اور کے ایل راہول کو اپنی فٹنس بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو دنیا میں سب سے زیادہ پیسے دیئے جاتے ہیں اور یہ میچز بھی زیادہ کھیلتے ہیں لیکن پھر کیوں ان کی فٹنس اچھی نہیں۔