اداکار فیزوز خان سے علیحدگی کے بعد علیزہ کا جسمانی تشدد کا الزام

اداکار فیروز خان پر ان کی اہلیہ نے ذہنی و جسمانی تشدد اور بے وفائی کا الزام لگایا ہے۔

فیروز خان اور علیزے نے 2018 میں شادی کی تھی، ان کے دو بچے (ایک بیٹا اور بیٹی) ہیں۔

2020 میں پہلی مرتبہ دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

چند روز قبل ایک بار پھر اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے کی علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

یہ بھی کہا جارہا تھا کہ فیروز خان نے بچوں سے ملنے کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کردی ہے۔

فیروز خان نے اس معاملے کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم اب ان کی اہلیہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

علیزہ سلطان خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے شوہر فیروز خان پر سنگین نوعیت کے الزام عائد کئے ہیں۔

علیزہ سلطان نے کہا کہ ان کی شادی کے 4 سال انتہائی تلخ رہے۔ اس دوران میں نے شدید ذہنی اور جسمانی تشدد برداشت کیا۔

انہوں نے لکھا ہے کہ شادی کے دوران شوہر کی جانب سے بے وفائی، بلیک میلنگ اور تذلیل بھی برداشت کرنی پڑی۔ انتہائی سوچ و بچار کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی۔

علیزہ سلطان خان نے کہا کہ فیروز خان سے علیحدگی کا فیصلہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور بہبود کے لئے کیا ہے۔ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے اس زہریلے اور پرتشدد گھرانے میں پروان چڑھیں۔ مجھے ڈر ہے کہ کہیں ان کے ساتھ گزارہ وقت میرے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب نہ کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کو سکھاؤں گی کہ کوئی زخم اتنا گہرا نہیں ہوتا کہ مندمل نہ ہو سکے، کوئی زخم اتنا شرمناک نہیں کہ اسے تحفظ کی قیمت پر چھپایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں