اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے وار تیز ہونے لگے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں جو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان میں سے شہری علاقوں سے 21 اور دیہی علاقوں سے 54 کیسز آئے ہیں۔ اسلام آباد میں اب تک کل ڈینگی کے 743 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے خصوصی طور پر وارڈز بنائے گئے ہیں۔ پمز اسپتال اسلام آباد میں اس وقت ڈینگی سے متاثرہ 56 مریض زیر علاج ہیں۔
پمز اسپتال اسلام آباد میں ڈینگی وارڈ کے انچارج ڈاکٹر شجیع صدیقی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈینگی مریضوں کے لیے مزید بیڈز کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈینگی کے حوالے سے مقررہ ترجمان ڈاکٹر شفاعت خاتون کا کہنا ہے کہ ڈینگی بچوں اور حاملہ خواتین میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق اس وقت پولی کلینک اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 14 مریض زیر علاج ہیں۔
اعداد و شمار کے تحت اب تک ڈینگی سے متاثرہ چار افراد کی موت رپورٹ ہو چکی ہے۔
کراچی میں بھی ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے شہر قائد میں 115 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے سب سے زیادہ مریض ضلع شرقی سے مختلف اسپتالوں میں پہنچے ہیں جن کی تعداد 35 تھی جب کہ ضلع وسطی سے 32، ضلع کورنگی سے 17، ضلع جنوبی سے 21، ضلع غربی سے 3، ضلع ملیر سے 4 اور ضلع کیماڑی سے 3 نئے مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔
رواں ماہ میں اب تک ڈینگی کے ایک ہزار 66 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ رواں سال ہونے والی اموات کی تعداد 9 ہے۔