لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان دشمن قوتیں محرم الحرام کے دوران فساد چاہتی تھیں جسے ناکام بنایا گیا ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام کے ہمراہ امام بارگاہ قصر زہرہ کا دورہ کیا اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ہمراہ مجلس میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے اور پولیس تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات ہوں لیکن باہمی اتحاد سے اس کو ناکام بنانا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے ہندوستان افغان سر زمین کو استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا تھا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ افغان طالبان کا کابل امام بارگاہ میں جانا اور تمام مکاتب فکر کے حقوق کی حفاظت کا اعلان درست سمت میں قدم ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، افغانستان میں اپنی ناکامی کا بدلہ پاکستان میں تخریب کاری سے لینا چاہے گا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علماء و مشائخ ، خطباء اور ذاکرین کے مشکور ہیں کہ انہوں نے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل کیا۔