بھارت میں طوفانی بارشوں کے بعد مختلف ریاستوں میں ریڈ الرٹ

بھارت کی 5 ریاستوں میں غیر متوقع طوفانی بارشوں کے بعد ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

بھارت کی 5 ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، اتر پردیش، ہماچل اور بہار میں گزشتہ 2 روز سے بارش ہو رہی ہے۔

ریاست مدھیہ پردیش کے مختلف علاقوں میں 2 روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، صرف ریاستی دارالحکومت بھوپال میں ایک دن میں 10 انچ جب کہ رواں سیزن میں 60 انچ بارش ہوچکی ہے۔

اسکے علاوہ گنا، ساگر اور جبل پور جیسے بڑے شہر بھی مکمل طور پر ڈوب چکے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں پانی کے ذخیرے کیلئے بنائے گئے 50 سے زائد ڈیم اوور فلو ہوچکے ہیں۔

راجستھان میں 2 روز کے دوران اتنی بارش ہوچکی ہے کہ 716 چھوٹے اور 200 سے زائد بڑے ڈیم پانی سے لبالب بھر چکے ہیں۔

اتر پردیش کے شہر پریاگ راج (الہ آباد) میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کی وجہ سے دریائے گنگا کے کنارے سیکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ 50 ہزار افراد اپنے گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔

دریائے گنگا ہی کے کنارے آباد ہندوؤں کے مقدس شہر وارانسی (بنارس) میں کئی گھاٹ اور مندر زیر آب آگئے ہیں۔ اسکے علاوہ دریائے جمنا میں بھی پانی کی سطح بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

بھارتی ریاست بہار بارش کے باعث ندیوں اور دریاؤں کے کنارے آباد دیہات کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بھارت میں حالیہ مون سون اسپیل سے سب سے زیادہ نقصان ریاست ہماچل پردیش میں ہوا ہے، گزشتہ 48 گھنٹوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے کے 34 واقعات ہوئے ہیں۔

ان میں 22 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 6 تاحال لاپتہ ہیں۔ کئی مقامات پر سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، 400 سے زائد منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں