ایپل کا آئی فونز میں سنگین سکیورٹی کمزوری کی موجودگی کا اعتراف

ایپل نے آئی فونز، آئی پیڈز اور میک کمپیوٹرز میں سنگین سکیورٹی کمزوریوں کا انکشاف کیا ہے جس سے ہیکرز زیادہ آسانی سے ان ڈیوائسز کا مکمل کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری 2 سکیورٹی رپورٹس میں اس بارے میں بتاتے ہوئے کہا گیا کہ کمپنی مسئلے سے آگاہ ہے۔

ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئی فون 6 ایس اور اس کے بعد کے ماڈلز، آئی پیڈز کے متعدد ماڈلز اور میک او ایس Monterey پر چلنے والے میک کمپیوٹرز کو اپ ڈیٹ کرلیں۔

ایپل نے سکیورٹی کے جن مسائل کے بارے میں بتایا ان سے ہیکر کو کسی ڈیوائس کے مکمل ایڈمن کنٹرول تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق عوامی شخصیات جیسے سماجی کارکن یا صحافیوں کو اس سے ہدف بنایا جاسکتا ہے۔

ایپل کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس سکیورٹی مسئلے سے کتنے صارفین متاثر ہوئے ہیں۔

کمرشل اسپائی وئیر کمپنیاں جیسے اسرائیل کا این ایس او گروپ اس طرح کی سکیورٹی کمزوریوں کی شناخت اور فائدہ اٹھانے کے لیے معروف ہے۔

این ایس او گروپ کو امریکی محکمہ تجارت نے بلیک لسٹ کیا ہوا ہے مگر اس کے اسپائی وئیر کو یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقا اور لاطینی امریکا میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد کے خلاف استعمال کیا گیا ہے۔

ایپل نے بتایا ہے کہ ان سکیورٹی خامیوں کے لیے اپ ڈیٹس جاری کردی گئی ہیں اور صارفین کو اپنی ڈیوائسز اپ ڈیٹس کرلینی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں