شہروز کاشف 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے

پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

20 سالہ کوہ پیما نے 8 ہزار 80 میٹر بلند گیشربرم ون چوٹی سر کرلی جس کے بعد وہ 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے۔شہروز کے والد کے مطابق پاکستانی کوہ پیما 4 بج کر 9 منٹ پر سمٹ پر پہنچے۔

شہروز نے برطانوی کو ہ پیما ایڈریانا بروانلی کا ریکارڈ 12روز میں توڑ دیا،ایڈریانا نے 30 جولائی کو 10 بلند ترین چوٹیاں 21 سال کی عمر میں سر کی تھیں۔

شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنیوالے صرف دوسرے پاکستانی ہیں۔

واضح رہے کہ شہروز کاشف کی نظریں تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما کے ریکارڈ پر ہیں۔

شہروز اس سال شیشاپنگما، چوایو اور داولاگیری بھی سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ اگلے سال مارچ میں اناپورنا سر کر کے ریکارڈ مکمل کر لیں گے۔

یاد رہے کہ شہروز نے 2019 میں براڈ پیک کو سر کیا تھا جبکہ 2021 میں انہوں نے ایوریسٹ ،کے ٹو اور مناسلو کی چوٹیاں سر کی تھیں۔

اس سال شہروز،کنچنجونگا ، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت اور گیشربرم ٹو بھی سر کر چکے ہیں جبکہ ان کے ساتھ امتیاز سدپارا اور ساجد علی سدپارا نے بھی جی ون سر کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں