فیس بک کا لائیو شاپنگ فیچر ختم کرنے کا اعلان

سماجی رابطے کا مقبول ترین ویب پلیٹ فارم فیس بک نے اپنے ‘لائیو شاپنگ’ کے فیچر کو یکم اکتوبر 2022 سے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

فیس بک کا اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کہنا ہے کہ صارفین یکم اکتوبر سے ویب سائٹ پر کسی بھی طرح کے نئے یا شیڈول لائیو شاپنگ ایونٹس کی میزبانی نہیں کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق صارف اگرچہ لائیو ایونٹس نشر کرنے کیلئے فیس بک لائیو کا استعمال کرسکیں گے لیکن وہ فیس بک لائیو ویڈیوز میں پروڈکٹ پلے لسٹس یا پرڈکٹس ٹیگ نہیں کرسکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘ٹیک کرنچ’ کے مطابق فیس بک پر لائیو اسٹریم ویڈیو کا فیچر متعدد ٹرائلز اور ٹیسٹوں کے بعد دو سال قبل عوامی سطح پر متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ فیچر تخلیق کاروں اور برانڈز کو سامان فروخت کرنے، ناظرین اور ممکنہ طور پر نئے صارفین سے جڑنے کا راستہ فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ چوں کہ صارفین کے دیکھنے کے رویے مختصر دورانیے کی ویڈیو کی طرف تبدیل ہورہے ہیں، اس لئے ہم بھی فیس بک اور انسٹاگرام پر اپنی توجہ ‘ریلز’ پر مرکوز کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ریلز فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کی مختصر دورانیے کی ویڈیو پروڈکٹ ہے۔ مبصرین کے مطابق فیس بک چین کی ویڈیو ایپ ‘ٹک ٹاک’ کا مقابلہ کرنے ریلز پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر صارفین ویڈیو کے ذریعے لوگوں تک پہنچنا اور انہیں متوجہ کرنا چاہتے ہیں تو فیس بک اور انسٹاگرام پر ریلز اور ریلز ایڈز کے ساتھ تجربے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

فیس بک کے مطابق صارفین انسٹاگرام پر ریلز میں پروڈکٹس کو ٹیگ بھی کرسکتے ہیں۔

بلاگ پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر آپ کے پاس چیک آؤٹ کے ساتھ شاپ ہے اور آپ انسٹاگرام پر لائیو شاپنگ ایونٹس کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں تو آپ انسٹاگرام پر لائیو شاپنگ سیٹ اپ کرسکتے ہیں۔

فیس بک کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آپ اپنی پرانی لائیو ویڈیو کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو آپ سے اپنے پیج یا کری ایٹر اسٹوڈیو سے اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں