پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردیں، قرض کی قسط کی منظوری رواں ماہ متوقع

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تمام اہداف پورے کر لیے۔ پاکستان نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کرکے آخری شرط بھی پوری کردی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تصدیق کی کہ پاکستان نے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کی بحالی کے لیے تمام مقررہ اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی پاکستان میں کنٹری نمائندہ کے مطابق پاکستان نے پی ڈی ایل میں اضافہ کرکے ساتویں اور آٹھویں جائزہ معاہدے کی آخری پیشگی شرط بھی مکمل کردی ہے۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا متوقع اجلاس رواں ماہ ہوگا۔ اگلی قسط کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس پاکستان کے دوست ممالک کی طرف سے 4 ارب ڈالر فنڈنگ کی یقین دہانیوں سے مشروط ہے جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب 17کروڑ ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں