قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرئیڈ ایکمین نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ناکامیوں کی وجہ بتادی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہاکی کوچ نے کہا ٹیم کی بری پرفارمنس کی بڑی وجہ کھلاڑیوں کی خراب مالی حالت ہے، کھلاڑیوں کو کئی ماہ سے پیسے نہیں ملے، مجھے بھی سیلری نہیں ملی۔
قومی ہاکی کوچ نے کہا پاکستان ٹیم کے پاس سہولیات کا فقدان ہے، کھلاڑیوں کے پاس اچھا سامان ہے نہ پیسے، مالی معاملات حل نہیں ہوتے تو کھلاڑی جان نہیں لگاتے، پاکستان کی ٹیم کو دیکھ کر لگتا ہے پتھروں کےدورمیں آگیا۔
سیگفرئیڈ ایکمین نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے بعد بھی وہ ہاکی ٹیم کی کوچنگ جاری رکھیں گے۔ ہم ورلڈ کپ 2026 کیلئے ٹیم تیار کررہے ہیں، کھلاڑی معاوضے نہ ملنے کے باوجود کارکردگی دکھانے کی کوشش کررہے ہیں، ابھی دو میچ باقی ہیں جس میں بہتر کھیل پیش کرینگے۔
سابق ہاکی پلیئر عمران بٹ کا کہنا تھا کھلاڑی جس صورتحال میں کھیل رہے ہیں اس میں دیگر انٹرنیشنل ٹیموں کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہے۔
ٹیم کے ہر کھلاڑی میں ملک کیلئے کھیلنے کا جذبہ ہے لیکن جب انہیں پیسے نہیں ملیں گے تو انکا انرجی لیول ڈاؤن ہوگا، جب تک مالی سپورٹ نہیں ملے گی کھلاڑی دیگر ٹیموں کے مقابلے پر نہیں آسکتے۔