اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے،اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے یوم عاشورہ محرم الحرام 1443ھ/2021 کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آج محرم الحرام 1443ھ کی دس تاریخ ہے جسے یوم عاشورہ بھی کہا جاتا ہے، یوم عاشور اسلام کی آمد سے قبل بھی اہم خصوصیات کا حامل رہا ہے لیکن نواسئہ رسولﷺ کی شہادت سے اسکی اہمیت اور زیادہ ہو گئی ہے، امام عالی مقامؓ کی شہادت ایک ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ امت صدیاں گذرنے کے باوجود ان کی شہادت پرآج بھی افسردہ اور غم ناک ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔