ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی برادی کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر میں محرم کے پرامن جلوس پر آنسو گیس کی شیلنگ اور اور انتباہی فائرنگ کی شدید مذمت کرتا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ محرم کے جلوس میں شریک درجنوں کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ جلوس کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو لاٹھی چارج کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ محرم کے جلوسوں پر پابندیوں کا نفاذ بھارتی حکومت گہرے تعصب کی نمائندگی کرتا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت جبر اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی خواہش کو نہیں دبا سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادی کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ،مذہبی حقوق اور آزادیوں پر وحشیانہ دباؤ کا نوٹس لے، محرم کے جلوسوں پر پابندی کشمیری عوام کے مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔