غیر ملکی افراد کے صوبہ سندھ سے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویز ات کے مطابق کئی غیر ملکی افراد میرپورخاص بورڈ سے تعلیمی اسناد حاصل کرچکے ہیں اور کچھ غیر ملکی حالیہ امتحانات میں بھی شریک تھے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حساس اداروں نے اطلاع ملنے پر میرپورخاص بورڈ میں کارروائی کی اور امتحانات میں شرکت کرنے والے غیر ملکی طلبہ کا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ بورڈ افسران نے ریکارڈ ٹھکانے لگانے کے لیے 3 بار آگ لگوائی۔
غیر ملکی طلبہ کے ضروری دستاویزات بھی دستیاب نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دوسری جانب محکمہ بورڈز و جامعات کے حکام نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ حساس ہے اس لیے احتیاط کے ساتھ تحقیقات کررہے ہیں، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں سیکرٹری بورڈ نےحکومت سندھ کوحساس اداروں کی کارروائی سےآگاہ کردیا ہے۔