اٹلس ہنڈا نے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا

اٹلس ہنڈا کمپنی نے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہنڈا کمپنی کی جانب سے ڈیلرز کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ یکم جولائی سے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جس کے بعد سی ڈی 70موٹر سائیکل5ہزار روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 11ہزار500روپے اورسی ڈی70ڈریم کی قیمت 6ہزار روپے کے اضافے سے بڑھ کر ایک لاکھ 19ہزار 500روپے ہوجائے گی۔

اسی طرح پرائیڈرکی قیمت میں بھی6ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس سے پرائیڈر کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 50ہزار900روپے،سی جی 125کی قیمت بھی6ہزار روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 74ہزار500روپے تک پہنچ جائے گی۔

کمپنی کے نئے نرخوں کے مطابق سی جی 125ایس کی قیمت7ہزار روپے کے اضافے سے 2لاکھ5ہزار500روپے اور سی بی 125ایف کی قیمت10ہزار روپے کے اضافے سے 2لاکھ 63ہزار900روپے ہوجائے گی۔

ہنڈا کمپنی کے مطابق سی بی 150ایف کی قیمت15ہزار روپے کے اضافے سے 3لاکھ 23 ہزار900 روپے اور سی بی 150ایف سلور کی قیمت بھی15ہزار روپے کے اضافے سے بڑھ کر 3لاکھ 27 ہزار 900 روپے تک پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ مارچ میں شروع ہوا تھا جس میں بلا تعطل ہر ماہ قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور ہر ماہ ہنڈا،یاما ہا،سوزوکی اور دیگر چینی ساختہ موٹر سائیکل کمپنیاں ایک دو دن کے وقفے سے قیمتیں بڑھا دیتے ہیں۔

موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں بار بار اضافے کی وجہ سے کم آمدن شہریوں کے لئے موٹر سائیکل کی شکل میں سستی سواری بھی مہنگی بن رہی ہے۔

موٹر سائیکل اسمبلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر شیخ کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے،اسٹیل اور دیگر خام مال مہنگا ہونے کو جواز بنا کر قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے موٹر سائیکلیں شہریوں کی رسائی سے دور ہورہی ہیں۔

صابر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف پٹرول مہنگا ہورہا ہے اور دوسری طرف موٹر سائیکلوں کی قیمتیں رکنے کا نام نہیں لے رہی اس لئے ہم نے کمپنیوں کو اور ان کے وینڈرز کو تجویز دی ہے کہ موٹر سائیکل کے پلاسٹک پارٹس بنائے تاکہ قیمت میں اضافے کو روکا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں