چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی تبدیلی کےباعث کرکٹ بورڈ میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے۔
کراچی میں بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتےہوئے چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے بتایا کہ اکتوبر میں پاکستان میں جونئیر کرکٹ لیگ ہوگی جس کے لئے 60 فرنچائز کے لیے30کمپنیز تیارہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اس لیگ کے لیے 10 کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں۔ جونیئر پریمییر لیگ کے لیے سابق کپتان شاہد آفریدی،شعیب ملک اور ڈیرن سیمی آییکون پلیئر ہونگے جبکہ جاوید میانداد اس لیگ کو سپروائز کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جاوید میانداد سے بہتر بلےباز کوئی نہیں ہے۔
چئیرمین پی سی بی نے بتایا کہ کرکٹ کے حوالے سے بہت سارے پروجیکٹس ابھی پائپ لائن میں ہیں اور کافی پروجیکٹس مستقبل میں ہونے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ انفراسٹرکچر اور پچز پر کام ہورہا ہے جبکہ کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے سیٹس لگانی ہے تاکہ اسٹیڈیم میں آنے والوں کو بہتر کھیل کے مناظردیکھنے کو ملیں۔
چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل کرکٹرز کی وجہ سے ہے اورہمیں کرکٹرزکو عزت دینی ہے۔ تماشائیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم آنےوالوں کو عزت دینا ہوگی،اسٹیڈیم میں کرسیاں لگنا ضروری ہے۔
اسٹیڈیمز کےحوالے سے انھوں نےبتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 70 کمرے بن رہے ہیں جب کہ لاہور اور ملتان میں بھی 70 کمرے بناٸیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے سامنے ہوٹل کےلیےپی آئی اے کی زمین پر بات چیت چل رہی ہے۔
پچز کے حوالےسے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ پچ کے 22 گز سے کرکٹ کا آغاز ہوتا ہے اور پچز کی بہتری کے لیے ڈراپ ان پچ تیار کی جائیں گی جس کےلیے آسٹریلیا سے ماہرین بلائے ہیں۔ ان پچز پر صرف باونسی وکٹ نہیں ہوگی بلکہ مختلف کنڈیشنز بنائیں گے۔
چئیرمین رمیز راجہ نے واضح کردیا کہ ملک میں سیاسی تبدیلی کےباعث کرکٹ بورڈ میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے۔
اپنے حوالے سے انھوں نے یہ بھی کہا کہ چئیرمین شپ ختم ہونے کے بعد کمنٹری میں دوبارہ آنا ممکن نہ ہوگا تاہم صحافت میں آسکتا ہوں، سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
رمیزراجہ نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں اسٹیڈیم کے لیے سی ڈی اے کو کہا ہوا ہے۔
کشمیرپریمئیرلیگ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ والوں سے کچھ چیزیں مانگی ہیں اور اگر وہ مطلوبہ دستاویز دے دیں تو ہم ان کوکلیرنس دے دیں گے۔