کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے اہلخانہ نے ان کا پوسٹ مارٹم رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
عامر لیاقت حسین کے صاحبزادے اور صاحبزادی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے 23 جون کے حکم کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم روکنے اور درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
عامر لیاقت حسین کے بچوں کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ آج ہی سماعت کرے گا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے 23 جون کو عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے قبرکشائی کا حکم دیا تھا۔
خیال رہےکہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔