بابر اعظم اور امام الحق آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر امام الحق اپنی شاندار پرفارمنس کے باعث آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
🇵🇰 Babar Azam and Imam-ul-Haq lead the way for most runs scored in the ICC Men's Cricket World Cup Super League 🔥#CWCSL standings ➡️ https://t.co/EJ78Ng3IYi pic.twitter.com/NnY2kYOwZz
— ICC (@ICC) June 14, 2022
بابر اعظم کا آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں پہلا نمبر ہے جبکہ امام الحق دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بابر اعظم اب تک مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کے میچز میں 1083 رنز اسکور کرچکے ہیں جبکہ امام الحق 797 رنز کے دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
علاوہ ازیں اس فہرست میں تیسرا نمبر آئرش آل راؤنڈر پال اسٹرلنگ کا ہے جو اب تک 791 رنز اسکور کرچکے ہیں جبکہ چوتھے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے بیٹر شائے ہاپ 762 رنز کے ساتھ موجود ہیں اور پانچواں نمبر 631 رنز بنانے والے آئرش بیٹر ہیری ٹیکٹر کا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم اور امام الحق نے حال میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی ہوم ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
دونوں کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری کی شراکت قائم کرکے انضمام الحق اور محمد یوسف کا ریکارڈ بھی برابر کردیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری شراکت کا ریکارڈ محمد یوسف اور یونس خان کے پاس ہے جنہوں نے 9 سنچری شراکتیں قائم کی ہیں۔
اس کے علاوہ امام الحق فخر زمان کے ہمراہ بھی 6 سنچری شراکتیں قائم کر چکے ہیں۔