مالی سال 23-2022؛ بجٹ کا کل حجم 9500 ارب روپے ہونے کا امکان

اسلام آباد: مالی سال 23-2022 میں بجٹ کا کل حجم 9500 ارب روپے ہونے کا امکان ہے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو 7255 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرے گا۔

ذرائع کے مطابق بجٹ 23-2022 میں وفاق کے اخراجات کا تخمینہ 8894 ارب روپے ہوگا اور بجٹ کا کل حجم 9500 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 23-2022 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو 7255 ارب کا ٹیکس جمع کرے گا جبکہ نان ٹیکس کی مد میں 1626 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق سے صوبوں کو 4215 ارب روپے منتقل ہوں گے اور دفاعی بجٹ کے لیے 1586 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مالی سال 23-2022 میں 1232 ارب روپے کی گرانٹس دی جائیں گے، قرض اور سود کی ادائیگیوں پر 3523 ارب روپے کا تخمینہ ہوگا۔

حکومتی امور چلانے کےلیے 550 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ پینشن کی مد میں 530 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، سبسڈیز کی مد میں 578 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مالی سال 23-2022 میں ترقیاتی بجٹ کا حجم 800 ارب روپے ہوگا، بجٹ کا خسارہ 4282 ارب روپے تک محدود رکھنے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ کا خسارہ معیشت کا 5.5 فیصد تک محدود رکھنے کا تخمینہ ہے جبکہ مالی سال 23-2022 میں معیشت کا حجم 8197 ارب روپے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں