وزیراعظم عمران خان سے افغان سیاسی رہنماوَں نے ملاقات کی ہے ،وزیراعظم نے کہا ہےکہ محفوظ افغانستان کیلئے سیاسی تصفیہ ضروری ہے۔پاکستان افغان قیادت کی مستحکم افغانستان کیلئے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے وفد کا خیرمقدم اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں افغان رہنماوَں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، افغانستان میں امن استحکام اور ترقی کیلئے افغان قیادت کو ملکر تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سے زیادہ دنیا کا کوئی دوسرا ملک افغانستان میں امن کا خواہاں نہیں ہے۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغان وفد نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
افغان سیاسی قائدین نے افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔