الجزیرہ نے خاتون صحافی کے قتل کے معاملے پر جرائم کی عالمی عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کے کیس پر اپنی قانونی ٹیم کو جرائم کی عالمی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
الجزیرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ادارے نے اس سلسلے میں عالمی ماہرین کے ساتھ قانونی ٹیم رکھنے والے ایک بین الاقوامی اتحاد کو بھی آگاہ کردیا ہے جو خاتون صحافی کے قتل کے معاملے پر عالمی عدالت میں جمع کرانے کے لیے ایک ڈوزیئر تیار کررہے ہیں۔
الجزیرہ کاکہنا ہےکہ مئی 2021 میں غزہ میں الجزیرہ کے دفتر پر اسرائیلی بمباری اور اس کے نتیجے میں دفتر کی مکمل تباہی کو بھی عالمی عدالت میں اٹھایا جائے گا۔
الجزیرہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ وار زون یا مقبوضہ علاقے میں کام کرنے والے صحافی کا قتل یا اس پر حملہ جرائم کی عالمی عدالت کے چارٹر کے آرٹیکل 8 کے تحت جنگی جرم ہے۔
واضح رہے کہ الجزیرہ کی ممتاز خاتون صحافی ابو شیریں عاقلہ کو اسرائیلی فوج نے 11 مئی کو مقبوضہ مغربی کنارے کے پاس فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔