جکارتہ: ایشیا کپ میں شرکت کے بعد قومی ہاکی ٹیم تین جون کو واپس وطن پہنچ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ سیگفرایڈ ایکمین ٹیم کے ساتھ واپس نہیں آئیں گے، وہ کچھ وقت اہل خانہ کے ساتھ ہالینڈ میں گزاریں گے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے پول میں تیسری پوزیشن پانے والی پاکستانی ٹیم ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ جنوری میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ سے بھی باہر ہوچکی ہے جبکہ قومی ٹیم کا اگلا ہدف کامن ویلتھ گیمز ہیں۔
ذرائع کے مطابق وطن واپسی کے بعد دو ہفتوں کا بریک دیا جائے گا جس کے بعد ایک بارپھر کیمپ لگایا جائے گا۔
برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کا آغاز اٹھائیس جولائی سے ہورہا ہے جس کے لیے اکتیس مئی تک ہاکی فیڈریشن کو حتمی کھلاڑیوں کے نام پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو بھجوانے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ جب پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرسکے گی جبکہ اس سے قبل پاکستان ٹیم 2014 کے ہاکی ورلڈ کپ میں بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔