لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کے والد کے نام پر کرکٹ اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور قلندرز کو پی ایس ایل سیزن 7 کا ٹائٹل جتوانے والے شاہین شاہ آفریدی نے حال ہی میں لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔
میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے 22 سالہ نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ نے اپنے والد کے نام پر اسکالر شپ متعارف کرانے پر فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انتظامیہ کا ایک بڑا اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ اسکالرشپ متعارف کرانے پر قلندرز کی انتظامیہ کا واقعی شکر گزار ہوں۔ اس سے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اعلیٰ سطح پر آنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قلندرز ہمیشہ باصلاحیت کرکٹرز کو سامنے لانے کے لیے فرنٹ لائن پر موجود رہتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ کھلاڑیوں کی نئی کھیپ سے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلمپنٹ پروگرام کے تحت 22 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جانا ہے جس میں 19 کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا ہے جبکہ مزید 3 کھلاڑیوں کا انتخاب ہونا ابھی باقی ہے۔
پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیت دی جائیں گی جس کے لیے انہیں ایک سال کی اسکالرشپ دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ منتخب ہونے والے 22 کھلاڑیوں میں سے 5 کھلاڑیوں کو شاہین شاہ کے والد محمد ایاز خان آفریدی کے نام سے اسکالر شپ دی جائیں گی۔